لکھنؤ،23؍ فروری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سماجی کارکن انا ہزارے اگلے ماہ اپنے مجوزہ ستیہ گرہ کے پیش نظر 26فروری کو اتر پردیش آئیں گے۔ہزارے سے متعلق انڈیا اگینسٹ کرپشن والنٹیرس ایسوسی ایشن کے کوآرڈینٹر سنیل لال نے آج یہاں بتایا کہ لوک پال کی تقرری، کسانوں کی ترقی نو اور الیکشن اصلاحات کی مانگ کو لے کر آئندہ 23مارچ کو دہلی کے رام لیلا میدان میں مجوزہ ستیہ گرہ کے پیش نظر ہزارے اپنی دو روزہ عوامی بیداری یاترا پر لکھنؤ اور سیتاپور کا دورہ کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ ہزارے اپنے دو دن کے قیام کے دوران26فروری کو لکھنؤ میں مختلف پروگرام میں شرکت کریں گے اور 27فروری کو سیتاپور جائیں گے، جہاں وہ جلسے سے بھی خطاب کریں گے۔لال نے بتایا کہ ہزارے کا کہنا ہے کہ ملک لوک پال اور لوک آیکت کی تقرری کیلئے زیادہ انتظار نہیں کرسکتے جبکہ پارلیمنٹ میں اس کا قانون 2013 میں ہی منظور ہو چکا ہے۔